نئی دہلی، 30/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی)کانگریس نے آج ایک اور سنگین الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج بورڈ آف انڈیا (سیبی) کی سربراہ مادھوی بچ نے اپنی حیثیت کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے سیبی کے اصول و ضوابط کی خلاف ورزی کی ہے۔ کانگریس کے ترجمان پون کھیڑا نے پارٹی ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ محترمہ بچ نے سیبی کے قوانین کو نظر انداز کرتے ہوئے اپنی جائیداد کو اہم مارکیٹ افسران کے حوالے کر دیا ہے، جو صاف طور پر قواعد کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ سیبی کے کل وقتی رکن اننت نارائن نے بھی اپنے اثاثے ایک بڑے بروکر کے حوالے کیے ہیں جو کہ سیبی میں اثر و رسوخ رکھتے ہیں۔ کانگریس کا الزام ہے کہ ان اقدامات کے باوجود حکومت ان افسران کے خلاف کارروائی سے گریز کر رہی ہے۔
مسٹر کھیڑا نے کہا کہ ” سیبی کی چیئرپرسن مادھوی بچ کی ممبئی میں ایک اور جائیداد ہے، جسے انہوں نے گرین ورلڈ بلڈکو اینڈ انفرا کو کرائے پر دیا ہے۔ کمپنی کے مالکان مکل بنسل اور وپل بنسل کی پیشہ ورانہ زندگی کا ایک بڑا حصہ انڈیا بلز کے اعلیٰ عہدوں پر رہا ہے۔ سیبی نے انڈیا بلز کے بہت سے معاملات دیکھے ہیں۔ مطلب محترمہ بچ اپنی جائیدادیں ان لوگوں کو کرائے پر دیتی ہیں جو انڈیا بلز کے اعلیٰ انتظامیہ میں شامل ہیں۔
مسٹر کھیڑا نے اسے سیبی کے قوانین کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا “اس معاملے میں سیبی کوڈ آف کنڈکٹ کے سیکشن 4، 7 اور 8 کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔ وہیں دوسرا معاملہ سمجھئے ، ایک غیر فہرست شدہ کمپنی میں سیبی کی چیئرپرسن مادھوی جی کے حصص کا پیراڈائز پیپر میں ذکر ہے، جس میں انکریڈیبل ہیلتھ پرائیویٹ لمیٹیڈ نامی کمپنی نے حکومت کےا سٹارٹ اپ فنڈ سے رقم حاصل کی ہے۔ مادھوی بچ جی کا نام اس کمپنی کے سب سے پہلے شیئر خریدنے والوں میں شامل ہے۔
ترجمان نے کہا “کانگریس کے سینئر لیڈر راہل گاندھی کی محترمہ بچ کے بارے میں ویڈیوز پچھلے دو دنوں سے ایک ایک کر کے یوٹیوب چینل پر آ رہے ہیں، جس کے ذریعے وہ پوچھ رہے ہیں کہ حکومت ان کے خلاف کارروائی کرنے سے کیوں ڈر رہی ہے۔ یہ کیسی مجبوری ہے کہ اتنی معلومات ہونے کے باوجود محترمہ بچ کو بچایا جا رہا ہے۔ کیا مادھوی بچ حکومت کو دھمکی دے رہی ہیں کہ میں اکیلی نہیں ڈوبوں گی؟
انہوں نے کہا “ محترمہ بچ کے علاوہ سیبی سے وابستہ ایک اور شخص ہے، جس کا نام اننت نارائن ہے۔ وہ سیبی کے کل وقتی رکن ہیں۔ اننت جی نے اپنی جائیداد بھی ایک اسٹاک بروکر کو دے دی جس کی کمپنی سیبی کے زیر کنٹرول ہے۔ مسٹر نارائن 10 اکتوبر 2022 کو سیبی کے کل وقتی رکن بن گئے اور انہوں نے اپنی ممبئی جائیداد تھنگم ونود راجکمار کو دے دی۔ تھنگم ونود راجکمار کی ایک بروکریج فرم ہے، جسے سیبی کے ذریعے منظم کیا جاتا ہے۔ یعنی یہ دفعہ 4، 7 اور 8 کی بھی خلاف ورزی ہے۔
مسٹر کھیڑا نے سوال کیا کہ محترمہ بچ نے ایسی کمپنی میں حصص کیوں رکھے تھے جس کے سرمایہ کاروں کے نام پیراڈائز پیپرز میں آئے تھے۔ اننت نارائن نے اپنی جائیداد ایک اسٹاک بروکر کو کیوں دی جس کی کمپنی سیبی کے زیر تفتیش ہے؟ انہوں نے ایسی کمپنی میں حصص کیوں رکھے جو سیبی کے دائرہ کار میں آتی ہے؟ مسٹر نارائن سیبی کے کل وقتی رکن ہیں، لیکن ان کے پاس انکریڈ کیپیٹل کے 70 کروڑ روپے کے شیئرز ہیں۔